وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اِس سنیچر کو دنیا کے سب سے بڑے ٹیکہ کاری کے پروگرام کا آغاز کررہا ہے ۔ آج شام تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے جناب مودی نے کووڈ انیس کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ٹیکہ کاری کے پروگرام کو شروع کرنے پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو ویکسین ، کووی شیلڈ اور کو ویکسین کو ، جو بھارت میں تیار کی گئی ہیں، ایمرجنسی استعمال کی اجازت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ویکسین سستی ہیں ۔ ان دو ویکسین کے علاوہ چار دیگر ویکسین تیاری کے مرحلے میں ہیں ۔ جناب مودی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ویکسین صحت کارکنوں اور صف اول کے دیگر کارکنوں کو دی جائے گی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ، اِن تین اہم زمرے کے لوگوں کو ٹیکہ لگانے کی لاگت مرکزی حکومت برداشت کرے گی اور ریاستی سرکاروں کو اِس کا خرچ برداشت نہیں کرنا پڑے گا۔
دوسرے مرحلے میں 50 سال سے زیادہ عمر والوں کو اور 50 سال سے کم عمر لیکن مختلف بیماریوں سے متاثر افراد کو یہ ٹیکہ لگایا جائے گا ۔
جناب مودی نے کہا کہ ماہرین نے ہم وطنوں کو موثر ٹیکہ فراہم کرنے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کووڈ ویکسین کا کوئی سائڈ افیکٹ یا مضر اثر سامنے آتا ہے تو اُس صورت میں مریضوں کیلئے حکومت نے تمام تیاریاں کررکھی ہیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ریاستوں اور مرکز کے درمیان تبادلۂ خیال اور تعاون سے کووڈ کے خلاف لڑائی میں بہت مدد ملی ہے اور ہم نے وفاق کی ایک اچھی مثال پیش کی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کووڈ انیس وباءبھارت میں اتنے بڑے پیمانے پر نہیں پھیلی ہے ، جتنی دنیا کے دوسرے علاقوں میں نظر آتی ہے ۔
وزیر اعظم نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹیکہ کاری کے پروگرام سے متعلق افواہوں کو پھیلنے سے روکا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکہ کاری کی اِس مہم کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اُن لوگوں کی نشاندہی اور نگرانی کی جائے ، جنہیں ٹیکے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اِس کیلئے Co-Win ڈجیٹل پلیٹ فارم تیار کیا گیا ہے ۔
جناب مودی نے کہا کہ آدھار کی مدد سے فیض پانے والوں کی نشاندہی کی جائے گی اور اُس کے ساتھ ساتھ دوسری خوراک کو وقت پر دیئے جانے کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔ جناب مودی نے ، اِس بات کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ ٹیکہ کاری سے متعلق اعداد و شمار کو وقت پر Co-Win پر اَپ لوڈ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکے کی پہلی خوراک لیتے ہی ، اُس سے متعلق Co-Win ایک ڈجیٹل ویکسینیشن سرٹیفکیٹ تیار کر دے گا ۔ یہ سرٹیفکیٹ دوسری خوراک کی یاددہانی کے طور پر بھی کام کرے گا ، جس کے بعد فائنل سرٹیفکیٹ دیا جائے گا ۔
  • Website Designing